محکمہ کھیل کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت پشاور میں خیبر پختونخوا کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور بڑی تین روزہ ثقافتی شو کاباضابطہ آغاز ہوگیا جو 10 نومبر تک جاری رہے گا ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس مقصد کیلئے ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔
صوبائی کابینہ اراکین ، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، اعلیٰ سرکاری حکام،مختلف ثقافتی کھیلوں سے وابستہ کھلاڑی حضرات، شائقین اور عوام نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔ ہارس اینڈ کیٹل شو کا آغاز فری فال جمپ اور ائیر گلائڈنگ شو سے کیا گیا جن میں شائقین نے بڑی دلچسپی ظاہر کی جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کیٹل اور ہارس کے پریڈ سے سلامی لی۔تقریب میں موسیقی اور روایتی ڈانس پیش کرنے کیساتھ ساتھ ڈاگ اوراونٹ ریس وڈانس کا بھی بہترین مظاہرہ پیش کیا گیا۔اسی طرح کبوتر ریس، آرٹ نمائش، فیملی فیسٹیول، مشاعرہ اور ونٹیج کار شو کا انعقاد بھی کیا گیا۔ان تین روزہ روایتی کھیلوں میں کبڈی، دنگل، اونٹ ریس، اونٹ ڈانس، ڈاگ ریس سمیت دیگر 16 مقابلے منعقد کئے جائیں گے جو 10 نومبر تک جاری رہیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے میلے میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس میلے کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل اور شراکت دارتمام محکموں اور اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے کے انعقاد کا مقصد اپنے آباؤ اجداد کی روایات اور ثقافت کو فروغ دے کر انہیں اپنی آنے والی نسلوں کو منتقل کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں اور روایتی کھیلوں کے فروغ کیلئے اس طرح میلے پورے صوبے میں منعقد کئے جائیں تاکہ ایک طرف ہماری ثقافت اور روایتی کھیلوں کو فروغ ملے تو دوسری طرف عوام کو مثبت تفریح کے مواقع بھی فراہم ہو سکیں۔ علی امین کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف دنیا کو امین کا پیغام دیں گے بلکہ دہشتگردی کو بھی شکست دیں گے اور صوبے کو اس کا گہوارہ بنائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز ، پولیس، سول انتظامیہ کے اہلکاروں اور عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔