مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں چڑھائی نہیں کر رہے بلکہ احتجاج کے لیے جا رہے ہیں۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترامیم کا حال دیکھ لیا ہے، ہم جعلی فارم 45 پر نہیں آئے جس سے حکومت جانے کا ڈر رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی اپنے پیروں پر کھڑا ہے، وفاق نے کسی مد میں پیسے نہیں دئیے، وفاق سے فنڈز نہ ملنے کے باوجود بھی صوبہ چلا رہے ہیں، ہمارا صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ عوام کا اعتماد ہم پر رہے گا تو ہم کامیابی کی طرف گامزن ہوں گے، صوبے میں مسائل ہیں، یہ خطہ 40 برسوں سے جنگ کی زد میں ہے، ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اقدامات تو کر رہے ہیں لیکن ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی لیڈر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی معیشت کے مثبت اشارے ورلڈ بینک کے اشارے ہیں، مریم نواز کی حکومت میں بھی لوگ احتجاج کرتے ہیں، یہ انتظامی مسائل ہیں۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی باہر جاتے تو اتنا عرصہ جیل نہ کاٹتے،خواجہ آصف شوشے چھوڑنے کے ماہر ہیں۔مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ خواجہ آصف شوشے چھوڑنے کے ماہر ہیں، آج بھی شوشہ چھوڑا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی باہر جاتے تو اتنا عرصہ جیل میں نہ کاٹتے، خواجہ آصف کا یہ خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔بیرسٹر سیف نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کے باہر محلات نہیں ہیں، خواجہ آصف بے بنیاد بیانات کے ذریعے گمراہی پھیلانے سے گریز کریں۔