خیبرپختونخوا اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ بند کر دیا گیا۔اسمبلی سیکریریٹ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپیکر کی اجازت کے بغیر کسی کو بھی اسمبلی میں مہمان لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔گزشتہ روز، مہمانوں کی گیلری میں رونما ہونے والے واقعے کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 8 اکتوبر کو اسمبلی اجلاس میں بات کرنے کا موقع نہ ملنے پر حکومت اور اپوزیشن اراکین میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور پھر معاملہ ہاتھا پائی تک پہنچ گیاتھا۔پی ٹی آئی کے رکن نیک وزیر اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے رکن اقبال وزیر میں جھگڑا ہوا، دونوں ارکان کے الجھنے پر ان کے حامی بھی لڑائی میں کود پڑے۔بعدازاں، ہنگامہ آرائی کرنے والے 3 افراد کو سپیکر کی ہدایت پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔