نگراں صوبائی وزیربلدیات و دیہی ترقی خیبر پختونخوا عامر درانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندوں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے بلکہ اب ہم آئرن برادرز ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے اور چینی زبان سیکھنے والے طلبا و طالبات میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ سیکرٹری بلدیا ت و دیہی ترقی داد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
عامر درانی نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے ایک آزمودہ اور قابل فخر دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔موجودہ دور میں جبکہ دنیا بھر میں معیشت کی بہتری کے لئے کام ہو رہا ہے،پاکستان میں سی پیک کا منصوبہ بلاشبہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک لازوال منصوبہ ہے جس کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔گویا چین نے صرف دوستی کا حق ہی ادا نہیں کیا بلکہ سی پیک کا منصوبہ شروع کر کے پاکستان کی معاشی ترقی اور ہمارے صنعت کاروں کو یہ موقع بھی فراہم کیا ہے کہ وہ اس منصوبے سے فائدہ اٹھائیں۔عامر درانی نے کہا کہ سی پیک ہمارے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہے اور ہمیں اس چیلنج کو ایک بہترین موقع میں بدلنے کی ضرورت ہے۔
ہمیں یہ ذہن میں رکھنا ہو گا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو مواقع سے فائدہ اٹھاتی ہیں اور ہماری نوجوان نسل کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے انہیں فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ آج کل کا دور آپ سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ نگراں صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ یہ امر بھی لائق ستائش ہے کہ 200 سے زیادہ افراد چینی زبان کا ابتدائی کورس یہاں مکمل کر چکے ہیں۔ اور چائنہ ونڈو ہربن انجینئرنگ یونی ورسٹی کے اشتراک سے چینی زبان سکھانے کے لئے سکالرشپ بھی دے رہی ہے۔
ان اقدامات سے بلاشبہ ہمارے وہ طلبا جو چین کی مختلف یونی ورسٹیوں میں اعلی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں بہت فائدہ ہو گا۔عامر درانی نے چائنہ ونڈو کو پاک چین دوستی کا سٹیٹ آف دی آرٹ مرکز قرار دیا اور کہا کہ صوبائی حکومت چائنہ ونڈو کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔