سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی و خوش حالی کا منصوبہ ہے، نگراں وزیر خوراک حاجی فضل الہیٰ

پشاور(نمائندہ خصوصی)

نگراں صوبائی وزیر خوراک و آبپاشی حاجی فضل الہٰی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں میں چینی زبان سیکھنے والوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع کہیں زیادہ ہوں گے جس کے پیش نظر پاکستان بھر میں بالعموم اور خیبرپختون خوا میں بالخصوص نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز چائنہ ونڈو میں قومی کمیشن برائے ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کے تعاون سے منعقدہ چینی زبان سکھانے کے کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان کے سابق ہاکی اولمپئن کھلاڑیوں، کرنل سعید، منظور الحسن سینئیر اور محمد عثمان نے خاص طور پر تقریب میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے چھ ماہ پر محیط کورس مکمل کرنے والے 45 طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب میں حاجی فضل الہٰی نے کہا کہ کسی بھی ملک اور قوم کی خوشحالی،معاشی و اقتصادی ترقی سے مشروط ہو چکی ہے جس کے لئے دنیا بھر میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے اس سلسلہ میں پاکستان میں چین کی جانب سے سی پیک منصوبہ بلاشبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں اب تک65 ارب ڈالرز سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئے ہیں۔ نگراں صوبائی وزیر خوراک و آبپاشی کا مزید کہنا تھا کہ رشکئی اکنامک زون میں کارخانے لگنے کے بعد مقامی افراد کو روزگار بھی میسر آئے گا۔ اس سلسلہ میں صوبائی اور وفاقی حکومتیں پہلے ہی ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چائنہ ونڈو کے منتظمین نے چینی زبان سکھانے کے کورسز شروع کر کے ایک اہم فریضہ انجام دیا ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ چینی یونی ورسٹیوں سے مفاہمت کی یاداشتوں پر دست خط کرنے کے علاوہ مقامی افراد کو چینی زبان سیکھنے کے لئے سکالرشپ دیئے جائیں۔ تقریب سے خطاب میں پاکستان کے سابق نامور ہالی اولمپئن منظور الحسن سینئیر جنہیں پاکستان ہاکی کے سنہرے دور میں دیوار چین سے تشبیہ دی جاتی تھی کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پشاور میں نوجوانوں کو مفت چینی زبان سکھائی جا رہی ہے جو صدقہ جاریہ ہے اور وہ دن دور نہیں جب سی پیک کے ثمرات سے سارے پاکستان میں ترقی و خوش حالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔انہوں نے پاک چین دوستی کو لازوال قرار دیتے ہوئے اس یقین کا بھی اظہار یا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں خاص طور پر ہاکی مقابلے بھی ہوں گے۔قبل ازیں نگراں صوبائی وزیر خوراک و آبپاشی حاجی فضل الہٰی، پاکستان کے سابق ہاکی اولمپئن کھلاڑیوں، کرنل سعید، منظور الحسن سینئیر اور محمد عثمان نے کورس مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔

نگراں صوبائی وزیر حاجی فضل الہٰی ، سابق ہاکی اولمپئنز منظور الحسن سینئر، کرنل سعید اور محإد عثمان کا چینی زبان سیکھنے والے طلبا و طالبات کے ہمراہ گروپ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed