شعیب جمیل
محکمہ پولیس نے پشاور پولیس لائنز دھماکے میں شہید ہونے والے افراد سے متعلق حتمی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق شہدا کی حتمی تعداد 84 ہے۔سی سی پی او نے کہا کہ فہرست محکمہ پولیس نے جاری کی جس کے مطابق خود کش دھماکے میں کُل 84 افراد شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مردہ خانے، فرانزک شواہد اور وقوعہ سے معلومات اب مکمل ہوچکی ہیں۔سی سی پی او کا کہنا تھا کہ واقعہ سے متعلق ابتدائی رپورٹس میں ناموں کی غلطیاں ہوئیں جبکہ اب رپورٹ مکمل ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہدا میں 82 پولیس اہلکار و افسران اور دو شہری شامل ہیں۔
خیال رہے کہ یکم فروری کو تھانہ پولیس لائنز کی مسجد کے اندر خود کش دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد شہید ہوگئے تھے۔