پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی تمام اشیا مہنگی نہیں بہت مہنگی کر دی گئی ہیں، پی ٹی آئی نے پھلتا پھولتا پاکستان تباہ کر دیا۔پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مہنگائی کے خلاف جین مندر چوک پر پی ڈی ایم نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس سے ایاز صادق اور دیگر رہنماں نے خطاب کیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کو ان نالائقوں، نااہلوں اور اداروں کو تباہ کرنے والے حکمرانوں کے ہاتھ یرغمال نہیں رہنے دیں گے۔واضح رہے کہ کراچی، لاہور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، چمن، مہمند سمیت مختلف شہروں میں نون لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں سراپا احتجاج ہیں، جس کے دوران ریلیاں نکالی جارہی ہیں، پی ڈی ایم کے تحت کراچی ایمپریس مارکیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔استور میں مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ نون استور کے زیر اہتمام بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مہنگائی کے خلاف مظاہرے کے باعث گلگت راولپنڈی سڑک پر ٹریفک معطل رہی۔سکھر میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے گھنٹہ گھرچوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کرکے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے، نوکریوں کا اعلان کرنے والی پی ٹی آئی حکومت میں بیروزگاری عروج پر ہے۔لاڑکانہ میں مسلم لیگ نون کی جانب سے جناح باغ چوک پر احتجاج کیا گیا، جیکب آباد میں پیپلز پارٹی ہاری کمیٹی نے احتجاجی ریلی نکالی ، ریلی کے شرکا کاکہنا تھا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔چمن میں پی ڈی ایم نے میزئی اڈا میں احتجاج کیا اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر ریلی نکالی جس کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پرٹریفک معطل رہی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وادی زیارت میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔گوجرانوالہ میں چندا قلعہ بائی پاس کے قریب راستے بند کرنے کیلئے کنٹینرز رکھ دیے گئے۔