آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کا قومی اسکواڈ آج شام سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں بائیو سیکیور میں جائے گا، ٹیم 10 اکتوبر سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی جبکہ 15 اکتوبر کو یواے ای کے لیے روانہ ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی اسکواڈ آج شام 7 بجے تک لاہور کے مقامی ہوٹل میں رپورٹ کرے گا۔ہوٹل پہنچنے پر اسکواڈ میں شامل تمام ارکان اور ان کے اہلِ خانہ کی ارائیول کووڈ-19 ٹیسٹنگ کی جائے گی، ارائیول ٹیسٹنگ کرواتے ہی بائیو سیکیور کے تمام شرکا ایک روز کے لیے آئسولیشن میں چلے جائیں گے۔ٹیسٹنگ کے رزلٹ منفی آنے پر قومی اسکواڈ 10 اکتوبر سے لاہور میں ٹریننگ سیشنز کا آغاز کر دے گا۔پہلے روز قومی اسکواڈ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں جم سیشن کرے گا، دوسرے اور تیسرے روز ایل سی سی اے گراونڈ میں نیٹ سیشنز ہوں گے، 13 اکتوبر کو ایک روز آرام کرنے کے بعد قومی اسکواڈ 14 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں سینیریو میچ کھیلے گا۔اس کے بعد قومی اسکواڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 15 اکتوبر کو یو اے ای روانہ ہوگا۔