صومالی قزاقوں کی جانب سے 50 روز سے یرغمال بنائے جانے والے پاکستانی عملے کے اہلخانہ تاحال اپنے پیاروں کی رہائی کے منتظر ہیں۔یرغمال پاکستانیوں کے اہلخانہ کے مطابق جہاز کے مالک اور شپنگ کمپنی کی جانب سے ان کے پیاروں کی رہائی کے لیے کسی قسم کے اقدامات نظر نہیں آرہے۔اہلخانہ نے بتایا کہ جہاز میں موجود افراد کئی روز سے اغوا کاروں کی قید میں ہیں، جہاز پر کھانے پینے کا سامان ختم ہو چکا ہے اور مغوی ٹینک کا گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔اہلخانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بحری جہاز کے مالک کی جانب سے متعلقہ حکام کو خط ارسال کیے گئے، حکومت پاکستان ہمیں پیشرفت سے آگاہ کرے۔دوسری جانب شپنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے عملے کے خاندانوں کو تمام پیشرفت سے مسلسل آگاہ کیا جارہا ہے۔واضح رہے جہاز ایم ٹی آنر 25 میں 10 پاکستانیوں سمیت 17 افراد سوار تھے، ان کے بحری جہاز کو صومالی قزاقوں نے یرغمال بنا لیا تھا۔







