الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے پانچ انتخابی حلقوں کے نتائج روکنے کا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا اور دوبارہ پولنگ کا حکم دیدیا ہے۔ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے انعقاد تک نتائج روک دئیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان کی منظوری سے 5 حلقوں کے مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم جاری کر دیا گیا ، دوبارہ پولنگ والے حلقوں میں جی بی اے 8 اسکردو 2 اور جی بی اے 13 استور 1 شامل ہیں۔ بہادر جمیل کے مطابق جی بی اے 15 دیامر1، جی بی اے 16 دیامر 2 اور جی بی اے 17 دیامر 3 میں بھی دوبارہ پولنگ ہوگی۔چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا جی بی میں پرامن، مثالی انتخابات منعقد ہوئے، متعلقہ ڈی آر او نے ری پولنگ کی درخواست دی تھی جس پر چند پولنگ اسٹیشنز کو دوبارہ پولنگ کی ہدایت جاری کی ہے، 15 جون کو ری پولنگ کا شیڈول دیا ہے۔جاری حکم نامے میں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو یہ احکامات بھی جاری کیے ہیں کہ وہ پوسٹل بیلٹس کی جانچ پڑتال اور گنتی کا عمل بھی نہ کریں۔اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔







