خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے اپنی رہائشگاہ پر عام لوگوں کیلئے پبلک ڈے کا انعقاد کیا جہاں انہوں نے مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کیں۔ وزیر اطلاعات پورا دن اپنے حلقے میں واقع حجرے پر موجود رہے، شہریوں نے انفرادی اور اجتماعی پیش کئے جن میں بجلی، گیس، پانی، سڑکوں کی تعمیر، تعلیم، صحت اور دیگر عوامی مسائل سرفہرست تھے۔ شفیع جان نے موقع پر موجود متعلقہ حکام اور انتظامی افسران کو متعدد مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت ازالہ حکومتِ خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کی مشکلات کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے درمیان رہیں اور ان کے مسائل براہِ راست سن کر ان کے حل کیلئے موثر کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پبلک ڈے کا مقصد عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا اور لوگوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ملاقات کیلئے آنے والے شہریوں نے وزیر اطلاعات کی جانب سے مسائل سننے اور فوری احکامات جاری کرنے کے عمل کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل کر دیئے جائیں گے۔







