ڈرائیونگ لائسنس برانچ سکینڈل’ کروڑوںکا ہیر پھیر

خیبرپختونخوا کے محکمہ ٹرانسپورٹ میں مبینہ مالی بدعنوانی کا ایک بڑا سکینڈل سامنے آیا ہے، جہاں ضلع بنوں کی ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں تعینات سینئر کلرک نور علی جان پر تقریبادو کروڑ 94لاکھ روپے سرکاری خزانے سے خرد برد کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔معاملے کی سنگینی کے پیش نظر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا ہے جبکہ ملزم کو محکمانہ کارروائی کے بعد ملازمت سے برطرف بھی کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو ارسال کیے گئے مراسلے میں انکشاف کیا گیا کہ سکیل 14 میں بطور سینئر کلرک ڈرائیونگ لائسنس برانچ بنوں میں خدمات انجام دینے والے نور علی جان پر سرکاری فنڈز میں بڑے پیمانے پر خرد برد کے الزامات ثابت ہوئے ہیں۔محکمانہ انکوائری کے دوران ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم کے ریکارڈ اور سرکاری خزانے میں جمع شدہ فیس کے درمیان ایک کروڑ 91لاکھ 45 ہزار 480 روپے کا فرق موجود ہے جس نے مالی بے ضابطگیوں کے شبہات کو تقویت دی۔بعد ازاں موٹر لائسنسنگ اتھارٹی کی جانب سے پیش کیے گئے مفاہمتی بیان میں مزید انکشاف ہوا کہ یکم اگست 2024 سے 31 دسمبر 2026 کے دوران مجموعی طور پر صرف 81لاکھ 3 ہزار 460 روپے ہی سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے۔اس طرح مجموعی فرق بڑھ کر 2کروڑ 94لاکھ 25 ہزار 110 روپے تک جا پہنچا جسے ابتدائی طور پر سرکاری رقوم میں خرد برد قرار دیا جا رہا ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے نور علی جان کو فوری طور پر ملازمت سے فارغ کر دیا ہے۔محکمہ کی جانب سے اینٹی کرپشن حکام کو باضابطہ طور پر درخواست کی گئی ہے کہ نہ صرف نور علی جان بلکہ اس مبینہ اسکینڈل میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں اور خرد برد کی گئی سرکاری رقم کی ریکوری کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔دوسری جانب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا نے تحقیقات کو مزید تیز کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی ہے کہ مکمل ریکارڈ فراہم کیا جائے۔اینٹی کرپشن کی جانب سے طلب کیے گئے ریکارڈ میں خرد برد شدہ رقوم اور لاپتہ فائلوں کی تفصیلات، متعلقہ ملازمین کی تعیناتی، یوزر آئی ڈیز، بینک اکانٹس، ایزی پیسا اور جاز کیش ریکارڈ، سروس ہسٹری، اثاثہ جات کی تفصیلات، تنخواہ سلپس، خاندانی معلومات، سفری ریکارڈ، واٹس ایپ نمبرز، ہارڈ کاپی ڈرائیونگ لائسنس فائلیں، ماہانہ مفاہمتی بیانات، بینک اسٹیٹمنٹس، جنرل لیجر ہیڈ، کیش بک، دستی رجسٹرز، روزانہ کی سسٹم رپورٹس اور آن لائن سسٹم تک رسائی شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed