خیبرپختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے سکیورٹی نے صوبے میں امن وامان کی صورتحا ل پر گورکمانڈر پشاور سے اِن کیمرہ بریفنگ دینے کا مطالبہ کردیا ہے ۔اسپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے تحریر خط میں خصوصی کمیٹی نے کور کمانڈر سے صوبے میں امن و امان اور مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ کی درخواست کی ہے۔خط کے متن کے مطابق خصوصی کمیٹی میں قائد ایوان، قائد حزب اختلاف، وزرا اور پارلیمانی لیڈرز شامل ہیں جب کہ خصوصی کمیٹی کو چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کی بریفنگ مل چکی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جاری آپریشنز پر بریفنگ طلب کی ہے، صرف آپریشنز سے پائیدار امن ممکن نہیں، سیاسی و سماجی اقدامات بھی ضروری ہیں۔خط میں کے پی میں ضم اضلاع میں جاری آپریشنز پر بھی بریفنگ طلب کی گئی ہے۔خط کے متن میں کہا گیا ہیکہ اِن کیمرہ بریفنگ کے پی اسمبلی میں باہمی مشاورت سے طے شدہ تاریخ کو کرانے کی درخواست ہے، بریفنگ آئینی ذمہ داریاں نبھانے میں معاون ثابت ہوگی۔







