ضلع لکی مروت کے علاقے غزنی خیل اور برگئی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ 57 سالہ حسن خان کو غزنی خیل میں واقع مسجد کے قریب گولی مار کرموت کی نیند سلادیا گیامقتول کے 24 سالہ بیٹے اسد خان نے پولیس کو بتایا کہ وہ رات کی نماز کے لیے مسجد میں تھا کہ گولیوں کی آوازیں سن کر باہر نکلا اور اپنے والد کو مسجد کے قریب خون میں لت پت پڑے پایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرزہسپتال منتقل کردی گئی جبکہ نامعلوم قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔اس کے علاوہ کوٹکہ سید اعظم برگئی علاقے میں سڑک کے کنارے ایک شخص کی لاش ملی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 31 سالہ شفیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے جسے آتشیں اسلحہ سے قتل کیا گیا تھا۔مقتول کے چچا کمال احمد نے پولیس کو بتایا کہ انہیں کسی نے بھتیجے کے قتل کی اطلاع دی وہ جب جائے وقوعہ پر پہنچا تولاش خون میں لت پت ملی۔اس نے پولیس کو بتایا کہ اس کے خاندان کی گاں میں قتل دشمنی تھی جس کی مقامی روایات کے مطابق صلح ہوچکی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے تھانہ برگئی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قتل کی تفتیش شروع کر دی ہے۔







