ڈیرہ اسماعیل خان، ڈیرہ جات فیسٹول جو کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریباً ہر سال شایان شان طریقے سے منایا جاتاہے کے دوران مقامی و دیگر اضلاع کے لوگوں اور کھلاڑیوں کو تفریحی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق مواقع میسر آتے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی یہ فیسٹول اپنی تمام تر رعنائیوں اور دلکش سرگرمیوں کیساتھ جاری ہے جس میں ڈیرہ جات کے تاریخی میلہ اسپان کے علاوہ آف روڈ جیپ ریلی،ثقافتی ورثے سمیت دیگر متعدد ایونٹس شامل ہیں جبکہ اس کے پہلے مرحلے میں خواتین مینا بازار کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ڈیرہ جات فیسٹیول اپنی نوعیت اور تاریخی اعتبار سے ڈیرہ اسماعیل کی پختون،بلوچ اور سرائیکی ثقافت کے امتزاج سے بھرا ایک ایسا تفریحی ایونٹ ہے جو صوبے کی امن پسندی اور مثبت تشخص کی تصویر کشی کیلئے پوری دنیا کو ایک عمدہ پیغام دیتا ہے۔ڈیرہ جات فیسٹیول علاقے کی معاشرتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔یہ فیسٹیول لائیو سٹاک،سیاحت،اثارقدیمہ،زرعی انڈسٹری،ہینڈی کرافٹس جیسے اہم شعبوں کی ترقی کیساتھ سپورٹس کی ترویج میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ڈیرہ جات مقامی افراد کے علاؤہ قومی سطح پر بھی انتہائی شہرت کا حامل فیسٹیول ہے جس کی مقبولیت کا اندازہ اس میں عوامی شرکت سے لگایا جا سکتا ہے۔گزشتہ تہوار میں روزانہ کی بنیادوں پر اوسطا 70 ہزار سے زاید افراد نے اس میں شرکت کی اور اس دفعہ اس سے کئی گنا زیادہ لوگوں کی شرکت کی توقع ہے۔ بلاشبہ یہ سرگرمی علاقائی سطح پر ایک بڑا تہوار ہے۔اس سال ڈیرہ جات چاند رات سے شروع ہوا ہے اور 20 اپریل تک جاری رہے گا۔ڈیرہ جات فیسٹیول کا آغاز مینا بازار کے پررونق سرگرمی سے ہوا ہے جس میں سٹالز،روایتی موسیقی،بچوں کی پرفارمینس اور اس قسم کی دیگر سرگرمیاں ہورہی ہیں اور یہ مرحلہ 6 اپریل تک جاری رہے گا۔فیسٹول میں گرین ڈیرہ پلانٹیشن کے نام سے شجر کاری کے بڑے مہم کا عنصر بھی شامل کیا گیا ہے جو علاقے میں موسمی تغیرات کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے ایک اہم سعی ہے۔اس طرح فیسٹیول کی افتتاحی تقریب5 اپریل کو رتہ کلاچی سپورٹس کمپلیکس ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہوگی۔ڈیرہ جات فیسٹیول کے اہم مرحلے میلہ اسپان کا آغاز بھی باقاعدہ افتتاح کے دن سے ہی ہوگا جو 8 اپریل تک 4 دن جاری رہے گا جس میں پورے ملک سے تقریبا 2000 نامور گھوڑ سوار شریک ہوکر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔اس مرحلے کی اختتامی تقریب 8 اپریل کو ہوگی۔مزید برآں 9 تا 10 اپریل کو مردوں کی فنون کی نمائش ہوگی جس میں ڈیرہ اور پورے ملک سے نامور فنکار حصہ لیں گے۔اس طرح فیسٹیول میں ڈیرہ اسماعیل خان کے تاریخی اور آثار قدیمہ کے مقامات کا دورہ بھی شامل ہے جو 12 تا 13 اپریل تک پلان کیا گیا ہے۔اس تفریحی سیر میں علاقے کی پرانی تہذیب و تمدن،تاریخ اور ثقافت کے آئنہ دار علاقوں کافر کوٹ ٹیمپلز اور رحمان ڈھیری کی سیر کی جائے گی۔14 اپریل کو قرت اور نعت خوانی کے مقابلے منعقد ہونگے اور 15 اپریل کو تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس ڈیرہ جات فیسٹول میں تقریباً 20 منفرد کھیلوں کے ایونٹس منعقد ہوں گے جن میں ہاکی،تائکوانڈو،جوڈو کیساتھ ساتھ روایتی کھیلیں جیسے کڑکہ اور بیل دوڑ کے مقابلے اور نمائش بھی ہوں گے جبکہ کیٹل شو بھی اس میلے کا ایک اہم حصہ ہے جس میں صوبے اور ملک کی تمام اعلی اقسام کے تقریبا 200 جانور جیسے بھیڑیں اور بیلوں کی نمائش ہوگی۔ ڈیرہ جات میلے کا سب سے دلچسپ اور جاذب نظر مرحلہ 17 اپریل سے شروع ہونے والا آف روڈ جیپ چیلنج شو ہے جس میں ملک کے نامی گرامی ڈرائیورز اپنی کارکردگی اور مہارتوں کا مظاہرہ کریں گے۔یہ شو 100 کلومیٹر طویل ٹریک پر منعقد کیا جائے گا جس میں ماہر ڈرائیورز خطرات کو مولیکر اپنے سکلز کا مظاہرہ کریں گے۔ڈیرہ جات کی اختتامی تقریب 20 اپریل کو منعقد ہوگی۔میلے میں بچوں،بزرگوں اور خواتین کی دلچسپی کیلئے تمام سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔روایتی رنگوں اور تفریح سے بھرے اس جشن کو ڈیرہ اسماعیل خان کی مقامی ثقافت اور امن کو قومی سطح پر فروغ دینے کیلئے ایک نمایاں کوشش تصور کیا جاتا ہے جو صوبائی حکومت کی جانب سے متعدد چیلنجز کے باوجود ایک اہم اور قابل ستائش کوشش ہے۔
رم جھم سنئیے محترمہ ناز پروین کا کالم احساس میں
ویڈیو پلیئر
00:00
00:00