اباسین آرٹس کونسل پشاور نے سالانہ اباسین ادبی ایوارڈز برائے سال 2023کے نتائج کا اعلان کردیا، اردو نثرمیں خالد سہیل ملک، نصرت نسیم ،شاعری میں طاہر شیرازی اور پشتو نثر میںفیروز خان آفریدی جبکہ ہندکو نثر میں اختر نعیم کی کتب انعام کے حقدار قرار پائے ۔تفصیلات کے مطابق اباسین آرٹس کونسل پشاور نے اپنے روائتی سالانہ اباسین ادبی ایوارڈز برائے سال 2023کے نتائج کا اعلان کردیاہے ، منصفین کے فیصلوں کے مطابق اردونثر میں اللہ بخش یوسفی ایوارڈ خالد سہیل ملک کی کتاب(مون سون ) اور پروفسیر محمد شفیع صابر ایوارڈ نصرت نسیم کی تصنیف (گزرتے لمحوں کی آہٹ) کو دیاگیاجبکہ اردو شاعری میں سردار عبدالرب نشتر ایوارڈ طاہر شیرازی کی کتاب ( گھنٹیاں ) کو ملا، اسی طرح اردو تحقیق وتالیف کاجسٹس کیانی ایوارڈ ڈاکٹر محمد اسلم تاثر آفردیدی کی کتاب ( پاکستانی زبانیں اور ادب ) کو دیاگیا، پشتو نثر کا خوشحال خان خٹک ایوارڈ فیروز خان آفریدی کی کتاب (ژوندسفرسفر) جبکہ پشتو شاعری کا رحمان باباایوارڈ حیدر بنگش کی کتاب ( دولابیی یون ) کو ملا ، اسی طرح ہندکو نثر کار ضا ہمدانی ایوارڈ اختر نعیم کی تصنف ( قسطنطینہ ، انگور ا، سمرنا) ہندکو شاعری میں محمد نواز صابر کی کتاب (اتھر ودل دے )،ہندکو تحقیق وتالیف وتراجم میں پروفیسر ناصردائود کی کتاب ( الکیمسٹ) کو سید فارغ بخاری ایوارڈ کیلئے منتخب کیاگیا، اس حوالے سے جلد ایک خصوصی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ایوارڈ حاصل کرنے والے مصنفوں کو نقد انعامات اور اسناد پیش کی جائیں گی۔