وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی جس میں 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل پہنچے، علی امین گنڈا پور گیٹ 5 سے جیل کے اندر روانہ ہو گئے۔عمران خان کی بہن علیمہ خان، جمشید برکی، سلمان اکرم راجا، شیخ محمد سلمان ایڈووکیٹ بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کی ملاقات کانفرنس روم میں کرووائی گئی جو سوا گھنٹہ جاری رہی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی، وپارٹی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں 28 ستمبر کے راولپنڈی احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی جب کہ 4 اکتوبر کو اسلام آباد ڈی چوک احتجاج کے بارے میں مشاورت کی گئی۔بعد ازاں، علی امین گنڈاپور میڈیا سے گفتگو کیے بغیر واپس روانہ ہو ئے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے ‘عدلیہ کی آزادی’ کے لیے ملک گیر احتجاج کی تازہ کال دی ہے، عمران خان سے منسوب اعلان کے مطابق 4 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔