ڈی جی بیورو آف امیگریشن محمد طیب کا کہنا ہے کہ غیر قانونی امیگریشن روکنا ایف آئی اے کے اختیار میں ہے۔
یہ بات اُنہوں نے سینیٹ میں ذیشان خانزادہ کی زیرِ صدارت قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز کے اجلاس میں کہی۔
سینیٹر ضمیر گھمرو نے سوال کیا کہ ایجنٹس غریب لوگوں کو جھانسہ دے کر لے جاتے ہیں، انہیں روکنے کے لیے کیا اقدام کیے جاتے ہیں؟
ڈی جی بیورو آف امیگریشن محمد طیب نے جواب دیا کہ کوئی شہری رپورٹ کرے کہ ایجنٹ نے پیسے لیے تو کارروائی کرتے ہیں، کوئی لائسنس ہولڈر نہ ہو تو فوری ایف آئی اے کو اطلاع دی جاتی ہے۔
ذیشان خانزادہ نے کہا کہ وزٹ یا اسٹوڈنٹ ویزا پر جانا علیحدہ معاملہ ہے یہ وزارتِ خارجہ کے ماتحت آتا ہے۔
سیکریٹری اوورسیز ڈاکٹر ارشد نے بتایا کہ سیالکوٹ سے پرسوں ایف آئی اے نے ایک گینگ کا سراغ لگایا ہے، فقیر کو اگر کوئی لے کر جاتا ہے تو وہ انہیں وہاں ٹھہراتے ہیں، ایجنٹ جھانسہ دے کر لے جائے تو اس کی سزا 14 سال قید ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ لائسنس ہولڈر نہ ہونے پر اگر کوئی ایجنٹ لوگوں کو باہر لے کر جائے تو اسے جرم قرار دیا گیا ہے، امیگریشن ایکٹ میں 35 ترامیم لا رہے ہیں، ہم نے بڑے اور چھوٹے جرائم کو علیحدہ کردیا ہے،جرم کے حساب سے سزا ہو گی۔
سیکریٹری اوورسیز ڈاکٹر ارشد نے بتایا کہ پتہ لگا کہ رومانیہ کے لوگ خود یورپ اور امریکا جا رہے ہیں، رومانیہ میں جو جگہ خالی ہو رہی ہے وہاں پاکستانی جا رہے ہیں اور سعودی عرب جتنے لوگ جا رہے اتنے واپس بھی آ رہے ہیں۔
جس پر ذیشان خانزادہ نے کہا کہ 2024ء میں ڈھائی لاکھ لوگ سعودی عرب گئے ہیں۔
ڈی جی بیورو آف امیگریشن محمد طیب کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر ایف آئی اے کے ساتھ کنیکٹ ہو رہے ہیں۔