خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے’ بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اتنے ممالک اور فوج کو افغانستان میں شکست ہوئی، دورہ افغانستان سے مسائل حل نہیں ہوتے نہ چائے کا کپ پینے سے، افغانستان اور پاکستان کے مسائل کا حل نکالنا چاہیے افغانستان کے سارے مسائل ان کے کنٹرول میں نہیں۔بلاول بھٹو زرداری پشاور پہنچے جہاں گورنر خیبر پختون خوا نے ان کا استقبال کیا۔ بعدازاں انہوں نے ارکان اسمبلی، پشاور پریس کلب کی کابینہ، اور مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ پریس کلب کا دورہ کروں، سندھ میں پیپلز پارٹی نے ترقیاتی کام کیے، دوسرے صوبوں کے صحافی آکر دیکھیں پیپلزپارٹی نے سندھ میں کیا کام کیے، ہم غربت کا مقابلہ کررہے ہیں ہم نے بلاسود قرضے دیے، سندھ میں عورتوں کے لیے قرضے دیے، سیلاب سے گھروں کو نقصان پہنچا اسے تعمیر کیا جارہا ہے، سیلاب سے متاثرہ گھروں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔بعدازاں گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مثبت سیاست کی گالم گلوچ کی سیاست پریقین نہیں رکھتے خیبرپختونخوا میں گالم گلوچ کی سیاست ہے نفرت اور انائوں کی سیاست ہے پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا میں تنظیم نو کرنا چاہتی ہے ہم اس صوبے میں نفرت کی سیاست کا مقابلہ مثبت سیاست سے کریں گے۔بلاول نے کہا کہ اس صوبے میں امن و امان کے بڑے مسائل ہیں یہاں بڑی قربانیوں سے امن قائم ہو اتھا، ہم نے عوامی سپورٹ اور فورسز کی بہادری سے دہشت گردوں کو شکست دی، پختونخوا سے بلوچستان تک دہشت گردتنظیمیں سراٹھا رہی ہیں، ہم وزیراعظم کی اے پی سی میں اپنے موقف کے ساتھ شرکت کریں گے ہم مل کر مسائل کا مقابلہ کریں گیہم ہمیشہ عوام کے ساتھ اور فوج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ووٹوں کی وجہ سے یہ حکومت کھڑی ہے ہم سے بجٹ سے پہلے بات ہونی چاہیے تھی، وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے ہمارے تحفظات اور ایشوز حل کریں گے، اگلے بجٹ میں پیپلز پارٹی سے پہلے مشاورت کی جائے گی۔افغانستان کے معاملے پر انہوں ںے کہا کہ اتنے ممالک اور فوج کو افغانستان میں شکست ہوئی، دورہ افغانستان سے مسائل حل نہیں ہوتے نہ چائے کا کپ پینے سے، میں نے بطور وزیر خارجہ اپنا کردارادا کیا چین، پاکستان اور افغانستان کے مذاکرات کرائے تھے، افغانستان اور پاکستان کے مسائل کا حل نکالنا چاہیے افغانستان کے سارے مسائل ان کے کنٹرول میں نہیں۔پیپلز پارٹی کے سوا کون دہشت گردی کے بارے میں پوچھتا ہے؟ ہمارے مطالبے پر جنرل (ر) باجوہ اور فیض حمید نے پارلیمان کو بریفنگ دی تھی، اے پی سی کے منتظرہیں تاکہ حقائق کی بنیاد پر اپنا موقف سامنے رکھیں، ہم حکومت کے ہر فیصلے پر نہ تو تنقید کرتے ہیں نہ تعریف۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت پندرہ برس سے دہشت گردوں کی سہولت کار بنی ہوئی ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر ہائوس پشاور میں مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے سابقہ اور موجودہ کھلاڑیوں سے ملاقات کی ہے۔بلاول بھٹو نے سابق ورلڈ اسکواش چیمپئن جان شیر خان، تائی کوانڈو کی گولڈ میڈلسٹ میمونہ نصیر بلوچ اور پاکیزہ، والی بال ٹیم کے کپتان مراد جہاں، کھلاڑیوں ولید خان اور مصور سے ملاقاتیں کیں۔چیئرمین پی پی پی نے گورنر ہائوس پشاور میں مائو تائی چیمپئن خان سعید آفریدی، پاکستان کی پہلی خاتون اسپرنٹر تمیم خان، جوڈو کے ورلڈ چیمپئن عزیز الحق اور کوہ پیما ثمر خان سے بھی ملاقاتیں کیں۔کھلاڑیوں سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں تائی کوانڈو میں ایک ڈین تک پہنچا ہوں، آپ 2 ڈین ہیں، مجھے آپ کو اپنا کوچ بنانا ہوگا۔اس دوران بلاول بھٹو زرداری نے ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو یادگاری شیلڈ پیش کیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے جیالے ارکان اسمبلی عوامی مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہائوس پشاورمیں پی پی پی اراکین اسمبلی کی ان سے ملاقات کے دوران کہی ۔ بلا ول بھٹو زرداری کے ہمراہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچہ و دیگر بھی موجود تھے، بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی اراکین قومی اسمبلی فتح اللہ میاں خیل اور ناعمہ کنول نے بھی ملاقات کی۔بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی شازیہ طہماس، نیلوفر بابر، مہر سلطانہ، فرزانہ ریاض اور اشبر جدون نے بھی ملاقات کی، بلاول بھٹو زرداری سے ساجدہ تبسم، بہاری لالہ، کرامت خان، احمد کنڈی، ارباب زرک اور احسان بھی ملے۔بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی اراکین اسمبلی نے خیبرپختونخوا کے عوامی مسائل اور سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا، چیئرمین پی پی نے ہدایت کی کہ جیالے اراکین اسمبلی خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed