پاکستان اکنامک سروے 2023-2024 کے مطابق پاکستان میں تقریباً 45لاکھ افراد بے روزگار ہیں جن میں 15 سے 24 سال کی عمر کے نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح سب سے زیادہ 11.1 فیصد ہے۔گزشتہ روز جاری کردہ یہ اعداد و شمار 2020-2021 کے لیبر فورس سروے پر مبنی ہیں جس کے بعد پچھلے تین سالوں کے دوران روزگار کے حوالے سے کوئی سروے نہیں کیا گیا جو اتنے اہم مسئلے پر حکمرانوں کے بے حس رویے کو اجاگر کرتا ہے۔سروے کے مطابق کل لیبر فورس7.18 کروڑ ہے جس میں دیہی علاقوں کے 4.85 کروڑ اور شہری علاقوں کے 2.33 کروڑ شامل ہیں جبکہ ملازمین کی تعداد 6.73 کروڑ ہے، اس میں 4.57 کروڑ دیہی اور شہری علاقوں کے 2.15 کروڑ شامل ہیں اور 45 لاکھ افراد بے روزگار ہیں، مزید برآں، خواتین میں بے روزگاری کا تناسب زیادہ ہے جہاں 10 فیصد مردوں کے مقابے 14.4 فیصد خواتین بے روزگار ہیں۔34سے 25 سال کی عمر کے گروپ دوسرے نمبر پر ہے جہاں بے روزگاری کی شرح 7.3 فیصد ہے، اس بریکٹ میں 5.4 فیصد مرد اور 13.3 فیصد خواتین شامل ہیں۔