ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور چائنہ ونڈو پشاور کے ایڈ منسٹریٹر امجد عزیز ملک نے ایران کے ہر دلعزیز صدر ابراہیم رئیسی اور انکے رفقا ء کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔امجد عزیز ملک جمعرات کے روز بذات خود ایرانی قونصلیٹ و خانہ فرہنگ ایران گئے اور انہوں نے فرد ا ًفردا ًپشاور میں تعینات ایران کے قائمقام قونصل جنرل حسین مالکی اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر حسین چاقمی سے تعزیت کی ۔
انہوں نے اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ایرانی عہدیداروںکیساتھ بات چیت کر تے ہوئے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر ابراھیم رئیسی امت مسلمہ کے رہنما تھے ان کی شہادت سے یقینی طور پر امت ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئی ہے اور انکی شہادت سے پیدا ہونیوالا خلاء کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔