”اباسین آرٹس کونسل میں آرٹس کی کلاسز کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا“

رپورٹ : نازپروین

اباسین آرٹس کونسل کے زیر اہتمام آرٹ ،موسیقی ،پینٹنگ،مجسمہ سازی، ادب، ڈرامہ کی مفت تربیتی کلاسز کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا ہے۔اس مقصد کے لیے باقاعدہ سلیبس ترتیب دیا گیا ہے۔کورس کی تکمیل پر طلباء کو سرٹیفیکیٹ جاری کیے جائیں گے۔بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو نقد انعام بھی دیا جائے گا۔
دور حاضر کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک آن لائن پیج بھی شروع کیا گیا ہےجس میں آرٹس کونسل کی سرگرمیوں اورمتعلقہ مواد کو باقاعدگی سے اپلوڈ کیا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت اباسین آرٹس کونسل کے صدر اور نامور آرٹسٹ جناب عبدالرؤوف روہیلہ نے کی ۔سینیئر ایگزیکٹو ارکان کی بڑی تعداد نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی۔

آرٹس کلاسز میں ہر عمر کے شہریوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔کم عمر کیون ہارون ،داؤد زاہد، اشرف نعیم ،محمد عباس نے موسیقی کے مختلف آلات طبلہ، ہارمونیم، بانسری، رباب پر خوبصورت پرفارمنس پیش کی۔سینیئر آرٹسٹ سعید پارس نے کہا کہ اباسین آرٹس کونسل کے اس اقدام نے صوبے میں آرٹ کی سرگرمیوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔سینیئر ادیب شاعر جناب ناصر علی سید نے اباسین آرٹس کونسل کے اس اقدام کو سراہتے ہوٸے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کے لیے آرٹ سیکھنے کا یہ ایک بہترین موقع ہے اس طرح کی سرگرمیوں سے صوبے میں آرٹ کو فروغ ملے گا۔ پروفیسر اے آر انور نے کہا کہ خیبر پختون خواہ ایک متنوع ثقافتی اہمیت کا حامل صوبہ ہے یہی وجہ ہے کہ صرف فوک موسیقی کی کلاس میں 50 سے زیادہ طلبہ نے داخلہ لیا ہے جو ان کے شوق کا مظہر ہے۔نامور شاعرہ اور ادیبہ محترمہ بشریٰ فرخ نے کہا کہ ادب اور ڈرامہ کی کلاس میں طلبہ کی بڑی تعداد کی شرکت ادب میں ان کے ذوق اور شوق کی آئینہ دار ہے ۔آرٹ کے شوقین افراد کے لیے اباسین آرٹس کونسل ایک نرسری کی حیثیت رکھتا ہے ۔

جس نے ماضی میں بھی فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور تربیت کی ہے ۔اباسین آرٹس کونسل ماضی میں بھی رضاکارانہ طور پر فن اور فنکاروں کی خدمت کرتا رہا ہے۔لا تعدادایوارڈز کی تقریبات ، سیمینار ، ورک شاپس،مصوری کی نماٸشیں، ڈرامے ، مشاعرے ، کتابوں کی رونمائیاں بھی منعقد کرتا رہا ہے۔عبدالرؤف روہیلہ نے کہا کہ اباسین آرٹس کونسل کا مقصد صوبے میں آرٹ کی مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی اور فروغ دینے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے بطور ورثہ اس کا تحفظ بھی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت فن اور فنکار کے فروغ کے لیے کی جانے والی ان سرگرمیوں کی سرپرستی کرے گی۔اباسین آرٹس کونسل میں ان کلاسز کے اجرا پر شہریوں کی بڑی تعداد نے خوشی کا اظہار کیا اور اسے تازہ ہوا کا جھونکا قرار دیا۔۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed