مارچ میں کمی کے بعد اپریل 2024 میں پاکستان میں دہشت گردی میں ایک بار پھر اضافہ ہوا، سب سے زیادہ حملے خیبر پختونخواہ میں ہوئے، کے پی کے جنوبی اضلاع زیادہ متاثر رہے۔ یہ تفصیلات اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک، پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلیکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (PICSS) نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں کیا۔ پی آئی سی ایس ایس کے اعدادوشمار کے مطابق، ملک میں اپریل کے دوران کم از کم 77 عسکریت پسندانہ حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں 70 افراد مارے گئے جن میں 35 عام شہری اور 31 سیکورٹی فورسز اور چار جنگجو شامل تھے جبکہ 67 افراد زخمی ہوئے جن میں 32 عام شہری اور 35 سیکورٹی فورسز کے اہلکار شامل تھے۔ مارچ 2024 میں 56 عسکریت پسند حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 77 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوئے تھے جس کا مطلب ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں 38 فیصد اضافہ ضرور ہوا تاہم جانی نقصان میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی