معاشی و اقتصادی حالت بہتر کرنے کیلئے چین بہترین رول ماڈل ہے،مشال یوسفزئی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی مشیر برائے سماجی بہبود، خصوصی تعلیم اینڈ وومن امپاورمنٹ مشال یوسف زئی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہم سب کیلئے باعث فخر ہے۔ چین نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی اور سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفت گو میں کیا۔ مشال یوسفزئی نے چینی ثقافتی مرکز کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دستخط اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ امر لائق ستائش ہے کہ چینی سفارت خانے نے پشاور کے عوام کو بھی چینی ثقافت سے آگہی کا موقع فراہم کیا ہے جس کی بدولت پشاور سمیت صوبے بھر کے عوام کو اپنے دیرینہ اور مخلص دوست عوامی جمہوریہ چین کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔ مشال یوسفزئی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاک چین دوستی کا ثبوت ہے اور انہیں خوشی ہے کہ اب تک29 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے جبکہ دوسرے فیز میں مزید سرمایہ کاری ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ارب آبادی والے ملک میں مخلص قیادت نے جس طرح عوام کو غربت سے نکالا اور جس طرح کورونا وبا کے دوران اپنی معاشی و اقتصادی حالت کو خراب نہیں ہونے دیا اس سے ہمیں بھی سیکھنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اعلیٰ کی مشیر نے صوبائی حکومت کی جانب سے سماجی بہبود کے لئے جاری منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ خیبر پختون خوا حکومت اپنے چینی ہم وطنوں کی کامیابیوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس صوبے کو بھی ترقی و خوش حالی سے سرشار کرے گی۔ مشال یوسف زئی نے اس امر پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ چینی حکومت پاکستانی طلبا و طالبات کو نہ صرف اعلیٰ تعلیم کا موقع فراہم کر رہی ہے بلکہ سکالرشپس کے ذریعہ بھی مستحق طلبا کو حصول تعلیم کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے سماجی بہبود کے شعبہ میں بھی چین کے ماڈل کو سامنے رکھتے اس امید کا اظہار کیا کہ چینی حکومت خیبر پختون خوا میں بھی سماجی اور فلاحی منصوبوں میں تعاون کرے گی۔ مشال یوسفزئی نے چائنہ ونڈو کو پاک چین دوستی کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ انہیں چائنہ ونڈو کا دورہ کر کے بہت خوشی ہوئی ہے یہ مرکز بلاشبہ پشاور اور خیبر پختون خوا سے اہل چین کے دوستی کا پیغام بھیجنے میں مثبت اور تعمیری کردار کا حامل ہے۔

مشال یوسفزئی نے محکمہ سماجی بہبود چائنہ ونڈو کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا تاکہ سماجی سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جا سکے۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed