صوبائی وزیر صحت سیدقاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دیرینہ دوست ہیں جن کی دوستی دنیا بھر میں مثالی تصور کی جا تی ہے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ یہ دوستی مزید مستحکم ہو تاکہ چین پاکستان سمیت خطے میں معاشی ترقی کے حوالے سے مزید آگے بڑھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفت گو میں کیا۔صوبائی وزیر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دستخط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات کی بڑی وجہ دونوں ممالک کا ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے کام آنا ہے۔سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بھی قابل رشک ہیں اس سلسلہ میں انہوں نے سی پیک کا حوالہ دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کا قابل فخرمنصوبہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رشکئی اکنامک زون کے قیام سے جہاں کارخانے لگیں گے وہیں دو لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔
اسی طرح افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک تک ایکسپورٹ سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہو گا۔ امن و امان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سید قاسم علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور سیکورٹی ادارے امن و امان کے قیام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں اور چین سمیت تمام غیر ملکیوں کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔