پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے پاکستان تحریک انصاف کی سینئیر قیادت سے بیک ڈور رابطے کر کے حکومت قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سےتاحال مثبت جواب نہ آنے کی وجہ سے ڈیڈلاک برقرار ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شہباز شریف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرنے کے بعد بھی پیپلزپارٹی کی طرف سے پی ٹی آئی کی قیادت کو پیغامات بھجوائے گئے تھے تاہم ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پاکستان تحریک انصاف کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کے ذریعے دونوں جماعتوں کے درمیان دوریاں ختم کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اس حوالے سے پیپلزپارٹی کو پیغام دیا ہے کہ یہ معاملہ ان کے اختیار میں نہیں ہے، پارٹی کے تمام سیاسی فیصلے سابق وزیراعظم عمران خان ہی کرتے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی پیپلزپارٹی کی جانب سے رابطہ کاری پر سابق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا ہے۔