علی عظمت نے حال ہی میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پاکستان میوزک انڈسٹری کے حوالے سے بات کی۔
اُنہوں نےبتایا کہ ہماری چھوٹی سی میوزک انڈسٹری ہے، ہمیں پیچھے سے کوئی بڑی مشین نہیں چلا رہی، ہم گھروں میں بیٹھ کر میوزک بنانے والے لوگ ہیں۔
گلوکار نے انکشاف کیا کہ میں نے ’ہے جذبہ جنون‘ کی ریکارڈنگ باتھ روم میں کروائی تھی۔
اُنہوں نے گانے کی ریکارڈنگ باتھ روم میں کروانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس اس وقت طارق روڈ پر ایک گندا سا اسٹوڈیو تھا تو مجھے وہاں پر کہا گیا کہ آپ اس اسٹوڈیو کے باتھ روم میں گانا ریکارڈ کروا دیں۔
علی عظمت نے بتایا کہ اسٹوڈیو کے باتھ روم کی دیواروں پر گتے لگے ہوئے تھے اور سانس بھی صحیح سے نہیں آ رہا تھا، وہاں پر میں نے یہ گانا ریکارڈ کروایا جو بے انتہا مشہور ہو گیا۔