پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کل ایک شخص الیکٹیبلز کی تلاش میں ہے لیکن مہنگائی لیگ میں شامل ہونے والے الیکشن نہیں جیت سکتے۔
مردان میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا ایک بار پھر الیکشن کی جگہ سلیکشن ہوئی تو عوام نقصان اٹھائیں گے۔ عوام سلیکٹیڈ راج کو قبول نہیں کریں گے۔ صرف عوام فیصلہ کریں گے کہ ان کا حکمران کون ہوگا۔ قائد عوام اور محترمہ بے نظیر بھٹو کا نامکمل مشن پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو جتوا کر عوامی راج قائم کریں گے، مہنگائی اور بے روز گاری کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ سب کو نظر آ رہا ہے کہ الیکشن پیپلز پارٹی جیتے گی۔ ہم دائیں بائیں نہیں عوام کی طرف دیکھتے ہیں۔ ہم سب ملک کر پاکستان کو مسائل سے نکالیں گے۔