شعیب جمیل
پشاور کے علاقہ بڈھ بیر ماماخیل میں مستورات تنازعے پر این جی او کے ملازم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے،پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ شبیر اللہ ولد انسان اللہ ساکن ماشوگگر نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی 33سالہ شفیع اللہ مردان کی ایک این جی او میں ملازم ہے، گزشتہ روز اپنی اہلیہ کو فون کرکے بتایا کہ وہ چھٹی پر گھر آرہا ہے اور اس وقت راستے میں ہے، رات کو کافی دیر گزرنے کے باوجود بھی جب شفیع اللہ گھر نہیں پہنچا تو اس کا نمبر ملایا گیا لیکن وہ بند آرہا تھا اور پھر کچھ دیر بعد اطلاع موصول ہوئی کہ شفیع اللہ کی نعش ماما خیل کے قبرستان میں پڑی ہے جب وہ موقع پر پہنچے تو اس کے بھائی کی قتل شدہ نعش پڑی تھی، مدعی کے مطابق اس کے بھائی کو ملزمان شاہد، طاہر اورخلیل پسران فیض اللہ ماسٹر ساکنان ماشوگگرنے مستورات کے تنازعے پر قتل کیا ہے جو واردات کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔