نیوکراچی بلال کالونی میں موٹرسائیکل سوارنامعلوم مسلح ملزمان نے دن دیہاڑے اہلسنت و الجماعت کے رہنما مولانا سلیم کھتری کوفائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ قراردیگر تفتیش شروع کردی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، شہرقائد میں گزشتہ 2 روز کے دوران مذہبی جماعت سے تعلق رکھنے والی دوسری شخصیت کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کے علاقے نیوکراچی سیکٹرفائیو ای سندھی ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک شخص کوشدید زخمی کردیا اورفرارہوگئے، زخمی شخص کو انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگئے۔