پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی صدر محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو موجودہ معاشی صورتحال اور مہنگائی کا سامنا ہے،اگر موجودہ حکومت اقتدار نہ سنبھالتی تو حالات مزید خراب اور ناقابل تلافی ہوتے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی سیاست اپنے مفاد کے گرد گھوم رہی ہیں جنہوں نے زمان پارک کی خاطر مار پیٹ کو اگلے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ حاصل کرنے کی واحد اہلیت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ایک ایسے لیڈر کا ساتھ دیا جو خود اپنے ڈرائنگ روم میں آرام کر رہا ہے اور اپنے سیاسی کارکنوں سے قربانیاں مانگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سچے سیاستدان ہمیشہ آگے سے قیادت کرتے ہیں اور گرفتاری سے کبھی نہیں چھپتے۔ محمد ہمایوں خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صوبے میں اپنے ایک دہائی کے طویل دور حکومت میں ریکارڈ کرپشن کی ہے اور سرکاری خزانے کو خالی کر دیا ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر پارٹی کو مضبوط کرنے اور اس کی کھوئی ہوئی عظمت کو بحال کرنے کے لیے ہاتھ بٹائیں۔ آئندہ عام انتخابات کے بعد پیپلز پارٹی ملک میں حکومت بنائے گی۔