شعیب جمیل
ایڈیشنل سیشن جج سید عارف شاہ نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے الزا م میں جرم ثابت ہونے پر عمر قیداور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔ استغاثہ کے مطابق گرفتار ملزم مہران اللہ پر الزا م ہے کہ اس نے اپنی بھائی عرفان اللہ کیساتھ ملکر تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں اپنی بیوی مسماة(م) کو قتل کیا،جس پر مقتولہ کی والد ہ نے تھانہ پہاڑی پورہ پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایاکہ میں نوشہرہ سے اپنی بیٹی کے گھر مسمی (م) کے گھر خیریت دریافت کرنے آئی تو میری بیٹی کے گھر کا دروازہ کھلا تھا، میں گھر کے اندر داخل ہوئی تومیری بیٹی کی لاش کمرے میں پڑی تھی اور گھر پر کوئی موجود نہیںتھا، واقعے کے دن سے دو روز قبل میری بیٹی نے مجھے فو ن پر بتایاتھاکہ میرا خاوند بھائی کے ساتھ ملکر مجھے قتل کرناچاہتاہے ، پولیس نے والدہ کی مدعیت میں ملزما ن کے خلاف 9جولائی 2017کو دفعہ 302,334کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم مرکزی ملزم مہران اللہ کو گرفتار کرلیا، تفتیش کے بعد پولیس نے مکمل چالان عدالت میں جمع کردیا۔ گزشتہ روز ملزم کا ٹرائل مکمل ہوا، عدالت نے تمام گواہوں اورثبوتوں کی بناء پر ملزم کو عمرقید اوربطور دیت پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی، جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میںملزم کو مزید چھ ماہ بطور قید جیل میں گزارناہوگی جبکہ معاون روپوش ملزم عرفان اللہ کو اشتہاری قرار دے دیاگیا۔