پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ میرے گھر پر ایسا حملہ ہوا جیسے میں سب سے بڑا دہشتگرد ہوں۔لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرے گھر پر چالیس گھنٹے تک حملہ کیا گیا، ہزاروں پولیس، رینجرز والے پہنچ گئے، ایک دفعہ بتائیں کہ میں نے قانون توڑا ہو۔عمران خان نے کہا کہ ظل شاہ معصوم آدمی تھا اس کے ساتھ ظلم کیا گیا، آئی جی کو شر م نہیں، جھوٹ بولا کہ ظل شاہ حادثے میں مر گیا، ان لوگوں میں ایمانداری ہے نہ قابلیت ہے۔پاکستان کی ترقی، مفادات کیلئے کسی سے بھی بات کرنے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ ڈرے ہوئے ہیں کہ الیکشن نہ ہوجائے اور عمران خان اقتدار میں نہ آجائے، میں تو سمجھا تھا 18 کو میری حفاظتی ضمانت ہے، یہ مجھے جیل میں ڈالنے آئے تھے کیونکہ یہ لندن پلان کا حصہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو یقین دہانی کروائی ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالیں گے، لکھ کر دیتا ہوں کسی ایک کیس میں غیر قانونی بات ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وہ بھگوڑا بیٹھا ہوا ہے کہ پہلے عمران خان کو جیل میں ڈالو پھر آؤں گا، مجھے جیل میں ڈالو، نواز شریف تمہارا وہ استقبال ہوگا کہ تمہارےہوش اُڑ جائیں گے۔