پولیس اور سیکورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران تحصیل کلاچی کے علاقہ روڑی میں سی ٹی ڈی پولیس کو13مقدمات میں مطلوب تحریک طالبان گنڈہ پور گروپ کا کمانڈر اور تھانہ ڈیرہ ٹائون کی حدود میں سی ٹی ڈی پولیس سے مقابلے میں تحریک طالبان کے دو دہشتگرد مارے گئے ‘ دہشتگردی کے ناسور کا جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ‘ آر پی او ڈیرہ عبدالغفور آفریدی کی میڈیا سے گفتگو ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کے دوران تحصیل کلاچی کے علاقہ روڑی میں تحریک طالبان پاکستان گنڈہ پور گروپ کے کمانڈر عبدالرشید عرف رشیدی عرف حارث سکنہ گرہ گلداد تحصیل کلاچی ضلع ڈیرہ مارا گیا ‘ مذکورہ دہشتگرد پر دہشتگردی ‘ قتل ‘اقدام قتل ‘ دھماکہ خیز مواد رکھنے سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے13مختلف مقدمات درج تھے ‘ اسی طرح تھانہ ڈیرہ ٹائون کی حدود میں سی ٹی ڈی پولیس نے دو ہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا ‘ آپریشن کے دوران دونوں دہشتگرد مارے گئے ‘ جن کی شناخت تحریک طالبان پاکستان گنڈہ پور سے ہوئی جن کے نام اختر منیر عرف ولیدعرف قاری ولد رضی خان سکنہ بنوں اور عبدالعزیز عرف طلحہ ولد بہادر سکنہ افغانستان حال کوہاٹ سے ہوئی مارے گئے دہشتگردوں سے دستی بم ‘ کلاشنکوفیں و غیرہ برآمد ہوئیں مذکورہ اختر منیر عرف ولید عرف قاری ڈیرہ اسماعیل خان ‘ بنوں پولیس کو دہشتگردی ‘ قتل دھماکہ خیز مواد رکھنے سمیت 11مقدمات میں مطلوب تھا’ جبکہ مارا گیا دوسرا دہشتگرد عبدالعزیز عرف طلحہ حال کوہاٹ سی ٹی ڈی پولیس ڈیرہ کو دہشتگردی کے 3مقدمات جبکہ کوہاٹ پولیس کو4 مقدمات میں مطلوب تھا