نگران صوبائی وزیر اطلاعات و مذہبی امور بیرسٹرفیروز جمال شاہ نے کہا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری ہے، یہ محض الفاظ نہیں درحقیقت ہر پاکستانی کے جذبات اور احساسات ہیں جس کی بنیادی وجہ سات دہائیوں پر مبنی وہ باہمی تعلق ہے جس نے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب کیا اور پھر یہ دوستی کا یہ رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا گیا
۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے اور ڈیجیٹل میڈیا کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ بیرسٹر فیروز جمال شاہ نے کہا کہ برادر ہمسایہ ملک چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان بھی کبھی پیچھے نہیں رہا۔ آج اگرچہ ہم مشکل معاشی صورتحال سے دوچار ہیں لیکن چین نے سی پیک کے طور جو معاشی منصوبہ شروع کیا ہے یقینی طور پر اس سے پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا
۔یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کو استحکام بخشے گا۔مجھے یقین ہے کہ رشکئی اکنامک زون جس پر کام کا آغاز ہو چکا ہے میں نہ صرف غیر ملکی بلکہ پاکستانی سرمایہ کار بھی دلچسپی لیں گے اوریہاں لگنے والے کارخانے برآمدات اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے سمیت لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا باعث ہونگے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ امر بھی لائق ستائش ہے کہ چائنہ ونڈو میں صرف چینی زبان ہی نہیں سکھائی جاتی بلکہ موجودہ دور کے تقاضوں کے عین مطابق منتظمین نے ڈیجیٹل میڈیا کی کلاسز کا انعقاد کیا۔ ہمیں نوجوانوں کو تربیت کے دوران یہ بھی باور کروانا ہو گا کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر فیک نیوز کی حوصلہ شکنی کی جائے۔فیک نیوز کی وجہ سے معاشرے میں بہت سے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں اور نوجوانوں کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
میں یہ بھی چاہتا ہوں کہ ہمیں پاکستان کا سافٹ امیج ساری دنیا میں سامنے لانا چاہئے تاکہ پاکستان اور پاکستانیوں کی عزت و وقار میں اضافہ ہو۔تقریب سے خطاب میں سینئر صحافی ایم ریاض نے کہا کہ چائنہ ونڈو پشاور پاک چین دوستی میں قابل ذکر کردار ادا کر رہا ہے۔اس مرکز نے پشاور سے سارے چین میں دوستی اور محبت و چاہت کا جو پیغام بھیجا ہے وہ لائق ستائش ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کورس مکمل کرنے والوں کو مباکباد پیش کی اور یقین طاہر کیا کہ وہ مستقبل میں اس شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں گے۔سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محمد زاکر شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ چائنہ ونڈو میں چینی زبان اور ڈیجیٹل میڈیا سکھانے کے کورسز کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئیں گے۔ قبل ازیں کورس مکمل کرنے والے طلبا و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا چینی ثقافتی مرکز چائنا ونڈو پشاور کا دورہ ‘ ڈیجیٹل میڈیا کورس مکمل کرنیوالے شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے
