شعیب جمیل
صوبائی دارلحکومت پشاور میں ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کی زیر صدارت انسداد پولیو کے حوالے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان سمیت محکمہ صحت اور ڈ بلیو ایچ اوکے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو پشاور میں انسداد پولیو کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اور کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کو انکاری والدین اور پولیو کوریج کے ہائی رسک یونین کونسلوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے اور پشاور بھر میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔انھوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں میں انکاری والدین کی تعداد زیادہ ہے وہاں پر انتظامی افسران اور محکمہ صحت کے افسران و اہلکار خصوصی طور پر انکاری والدین کو قائل کر کے بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلوائیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ پشاور سے پولیو وائرس کا خاتمہ کیا جا سکے