خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس ( ریسکیو 1122 ) کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں عالمی دن برائے خواتین کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر ڈاکٹر خطیر احمد ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن پر تمام خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ خواتین سے ہی کائنات میں رنگ ہیں۔ عورت ایک ماں ، بہن، بیٹی اور بیوی کے روپ میں عزت واحترام کی پیکر ہے اور ایک کامیاب مرد کے پیچھے خاتون کا اہم کردار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو1122 میں 100 سے زائد خواتین اہلکار مختلف شعبوں میں خدمات فراہم کر رہی ہیں، جن کی مرہون منت ہزاروں افراد کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے، ریسکیو 1122 کی خواتین اہلکار مردوں کے شانہ بہ شانہ عوام الناس کو ایمرجنسی کے دوران خدمات فراہم کر رہی ہیں اور دوران ایمرجنسی مرد و عورت کی تفریق کے بغیر مریضوں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جاتی ہیں۔ ریسکیو 1122 میں موجود خواتین اہلکاروں میں کمپیوٹر آپریٹر ، ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنشنز، فائرفائیٹرز اور ڈیزاسٹر شامل ہیں ، جو ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے شب وروز تیار رہتی ہیں۔







