خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران 20.2 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کرلئے اور گزشتہ مالی سال کے پہلے اٹھ ماہ کےمقابلے میں رواں مالی سال 31 فیصد شرح نمو ریکارڈ کیا۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران کیپرا نے 15.4 ارب روپے کے محاصل اکھٹے کئے تھے۔
خیبرپختونخوا میں کیپرا کو سیلز ٹیکس آن سروسز اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس اکٹھا کرنے اور اسکا انتظام سنبھالنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران کیپرا نے سیلز ٹیکس ان سروسز کی مد میں 17.8 ارب روپے جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 2.4 ارب روپے کے اکٹھے کرلئے۔
واضح رہے کہ کیپرا کو رواں برس کے دوران 35 ارب روپے کا ہدف دیا گیا ہے جس کے مقابلے میں 20.21 ارب روپے اکھٹے کر لئے گئے ہیں۔ منگل کے روز ادارے کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کیپرا راجہ فضل خالق نے کیپرا کےعملے کی کارکردگی کی تعریف کی اور انہیں اپنی کوششیں مزید تیز کرنے کی تاکید کی تاکہ دیئے گئے ہدف سے زیادہ کے محاصل اکھٹے کئے جائیں۔
اس دوران کیپرا کے افسران کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل کو تفصیلی بریفنگ دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ پشاور سمیت کیپرا کے تمام ریجن اپنے اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور تمام ریج اپنے اہداف کا 60% سے زیادہ کا حصہ مکمل کر چکے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل کو بتایا گیا کہ سال کے پہلے چھ ماہ میں محاصل کے اکٹھے کرنے کا رجحان آہستہ ہوتا ہے جبکہ سال کے آخری چھ ماہ میں محاصل کے حصول میں تیزی آجاتی ہے اسلئے کیپرا کا عملہ 35 ارب کے ہدف کو با آسانی حاصل کرنے کے لیے پرامید ہے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کیپرا کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال وفاقی ادارے ایف بی آر کی جانب سے کیپرا کو ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ input tax adjustments کے پیسے بھی موصول نہیں ہوئے جبکہ کیپرا کو رواں سال ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ایف بی آر سے 3 ارب روپے کا حصول متوقع ہے جس سے کیپرا نہ صرف اپنے اہداف حاصل کر لے گا بلکہ دئیے گئے ہدف سے زیادہ کے محاصل اکھٹے ہو جائیں گے۔
اس دوران ڈائریکٹر جنرل کیپرا نے کلکٹریٹ آف اپیلز اور ایپلٹ ٹربیونل میں مقدمات کی ان لائن سماعت کے سسٹم کو فل فور لگانے پر زور دیا۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان کی تربیت کے لیے ٹریننگ ورکشاپ کے باقاعدگی کے ساتھ انعقاد پر بھی زور دیا