امپورٹڈ حکومت عام انتخابات سے گریزاں ہے ،وزیر اعلیٰ محمود خان

ایم پی اے احتشام جاوید ، اے این پی کے سابق اُمیدوار برائے صوبائی اسمبلی غلام قادر خان اور تحصیل غازی سے حاجی محمد رحمن عرف جہازوں والا پی ٹی آئی میں شامل ،
پی ٹی آئی کی سیاسی مقبولیت سے خوفزدہ امپورٹڈ حکمران عام انتخابات سے گریزاں ہیں، محمود خان
پاکستان تحریک انصاف ناقابل تسخیر بن چکی ہے، آئندہ عام انتخابات میں کلین سویپ کریں گے، محمود خان
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے جو اس وقت ہی ملک میں موجود کرپٹ مافیا کا مقابلہ کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں بری طرح خوفزدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ امپورٹڈ حکمران عام انتخابات کرانے سے بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عملی طور پر یہ ثابت کر دیا ہے کہ تحریک انصاف ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جو عوام کے حقوق اور مفاد کے تحفظ کے لیے ڈٹ کر کھڑی  ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ٹانک، ضلع ہری پور اور ضلع ڈی آئی خان سے مختلف شمولیتی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی قیادت میں ڈی آئی خان اور ٹانک سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنان کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ محمود خان سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ نئے شامل ہونے والوں میںڈی آئی خا ن سے رکن صوبائی اسمبلی احتشام جاوید اکبرجبکہ ضلع ٹانک سے اے این پی کے سابق اُمیدوار برائے صوبائی اسمبلی غلام قادر خان بیٹنی،اے این پی کے معروف سیاسی رہنما ملک گلستان بیٹنی، حاجی شمال بیٹنی اور آزاد اُمیدوار برائے تحصیل میئر جنڈولہ حاجی محمد اسلم بیٹنی شامل تھے۔ اسی طرح تحصیل غازی ضلع ہری پور سے حاجی محمد رحمن عرف جہازوں والا گروپ نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حاجی محمد رحمن کی قیادت میں نئے آنے والے ساتھیوں میں شاہد اقبال، حیام اسلام،ملک خالد، چوہدری اشفاق، اللہ یار، حاجی حبیب اللہ، ساجد محمود، حمزہ رحمان، خادم شاہ اور تیمور خان شامل تھے۔پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز خٹک اور سابقہ وفاقی وزیر عمر ایوب کے علاوہ یوسف ایوب، گوہر ایوب اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی محمود خان نے پی ٹی آئی میں نئے شامل ہونے والے سیاسی رہنماو¿ں اور کارکنوں کا خیر مقدم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی اپنی عوام دوست پالیسیوں اور عوامی اعتماد کی بدولت خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں کلین سویپ کرے گی اور بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو رجیم چینج سازش کے تحت ختم کیا گیا اور اس مقصد کے لیے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے مہنگائی کو جواز بنایا تھا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا جن لوگوں نے مہنگائی کو جواز بنا کر ایک جمہوری طور پر منتخب حکومت کے خلاف سازش رچائی اب انہیں مہنگائی کی کوئی فکر نہیں۔ مرکز میں امپورٹڈ حکومت کے آنے کے بعد مہنگائی میں گھنٹوں کے حساب سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اشیاءضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں جس کی وجہ سے عوام الناس کا جینا محال ہو چکا ہے۔ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر کم ہو رہے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی دور میں دن رات مہنگائی کا راگ الاپنے والی جماعتیں اقتدار میں اپنا حصہ وصول کرکے اندھی بہری ہو گئی ہیں ،اب انہیں مہنگائی نظر نہیںآرہی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت درست سمت پر گامزن تھی ، ملک ترقی کررہا تھا ،روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے تھے ، کورونا وباءکے باعث پیدا شدہ صورتحال کے دوران سماجی تحفظ کا منصوبہ احساس پروگرام ، صحت کارڈ، پناہ گاہیں ، لنگر خانے اور اس طرح کے دیگر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کئے گئے تو سیاسی مخالفین کو ملک کی ترقی ہضم نہ ہوئی اور پھر بیرونی سازش کے تحت پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ کرکے نا اہل ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیاجس نے چند ہی ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ کے قریب پہنچا دیا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ امپورٹڈ حکمرانوں کو قومی ترقی یا عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، ان کا واحد مقصد اپنی لوٹی ہوئی دولت کو محفوظ بنانا ہے اور اپنے ذاتی اثاثوں میں اضافہ کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی ان کی سازشوں سے دبنے والی نہیں ہے اور نہ ان کے مذموم عزائم کو کامیاب ہونے دے گی۔ ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے اور آنے والے عام انتخابات میں بھاری اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed