کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے قائم کیئے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اب تک ساڑھے 9 کروڑ افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔این سی او سی کے مطابق پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 لاکھ 6 ہزار 284 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی۔این سی او سی نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں اب تک کل 9 کروڑ 54 لاکھ 61 ہزار 219 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، کورونا وائرس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 33 ویں نمبر پر آ گیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 86 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 27 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 415 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 02 فیصد پر آ گئی۔پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 28 ہزار 228 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 62 ہزار 771 ہو چکی ہے۔ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 39 ہزار 953 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 131 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 11 لاکھ 94 ہزار 590 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 53 ہزار 590 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کل 2 کروڑ 98 ہزار 599 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔