وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے سوشل میڈیا رولز 2021 کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، وفاقی وزیرامین الحق نے کہاکہ ترمیم شدہ رولز کے تحت پاکستانی صارفین کو آرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی مکمل آزادی ہوگی، پاکستانی صارفین اور سوشل میڈیا اداروں کے درمیان رابطوں کیلئے رولز اہم کردار ادا کریں گے۔وفاقی وزیرامین الحق نے کہاکہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو پاکستانی قوانین اورسوشل میڈیا صارفین کے حقوق کی پاسداری کرنا ہوگی، انتہاپسندی، دہشتگردی، نفرت انگیز، فحش اور پرتشدد مواد کی لائیواسٹریمنگ پرپابندی ہوگی، سوشل میڈیا ادارے پاکستان کے وقار و سلامتی کے خلاف مواد ہٹانے کے پابند ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ اخلاق باختہ اور فحش مواد کی تشہیر بھی قابل گرفت جرم ہوگا، سوشل میڈیا ادارے اور سروس پرووائیڈرز کمیونٹی گائیڈ لائنز تشکیل دیں گے، کسی بھی شخص سے متعلق منفی مواد اپ لوڈ نہیں کیا جائے گا۔امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ دوسروں کی نجی زندگی سے متعلق مواد پر بھی پابندی ہوگی، پاکستان کے ثقافتی اور اخلاقی رجحانات کے مخالف مواد پر پابندی ہوگی، بچوں کی ذہنی و جسمانی نشونما اور اخلاقیات تباہ کرنے سے متعلق مواد پر پابندی ہوگی، یوٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک، ٹوئٹر، گوگل پلس سمیت تمام سوشل میڈیا ادارے رولزکے پابند ہوں گے۔