لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاوسنگ کیس کی سماعت کے دوران خواجہ برادران سعد رفیق اور سلمان رفیق کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت د یدی۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے پیراگون ہاوسنگ کیس کی سماعت کی جس کے دوران خواجہ برادران پیش ہوئے۔عدالت نے کیس میں استغاثہ کے گواہوں کو بھی طلب کر رکھا تھا۔عدالت نے نیب کے گواہوں کے بیانات قلم بند کرنے کے لیے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔امجد پرویز ایڈووکیٹ بھی نیب کے گواہوں کے بیانات پر جرح کے لیے پیش ہوئے۔دورانِ سماعت خواجہ برادران کی جانب سے استدعا کی گئی کہ لیگی رہنما پرویز ملک کے جنازے میں شرکت کے لیے جلد جانے کی اجازت دی جائے۔خواجہ برادران نے عدالت کو بتایا کہ ان کی عدم موجودگی میں پراسیکیوشن کے بیانات قلم بند کیئے جانے پر کوئی اعتراض نہیں۔عدالت نے خواجہ برادران کی حاضری لگا کر جانے کی استدعا منظور کر لی۔واضح رہے کہ نیب کی جانب سے ریفرنس میں خواجہ برادران سمیت 5 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ملزمان میں خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، عمر ضیا، ندیم ضیا اور فرحان علی شامل ہیں۔نیب کے ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام ہے۔