بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت کی درخواست پر ممبئی کی عدالت میں سماعت آج ہوگی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کی منشیات برآمدگی کیس میں درخواستِ ضمانت پر سماعت آج 11 بجے ممبئی کی مقامی عدالت میں ہوگی۔رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیاہے کہ اتفاقا آج شاہ رخ خان کی اہلیہ اور آریان خان کی والدہ گوری خان کی سالگرہ بھی ہے تو تقینا وہ پر امید ہوں گی کہ اِن کی 51ویں سالگرہ زندگی کی سب سے بہترین ثابت ہو اور وہ آج رہائی کے بعد اپنے بیٹے کو ساتھ لے کر گھر واپس آئیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز آریان خان کی منشیات برآمدگی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی تھی۔مذکورہ کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے کا پہلے ایک روزہ، پھر 3 روزہ اور پھر 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا گیا تھا جس کے بعد آریان خان کی جانب سے درخواستِ ضمانت دائر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے کروز شپ پر ایک پارٹی کے دوران چھاپا مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو حراست میں لیا تھا۔این سی بی کی جانب سے ان پر منشیات کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا تھا جبکہ شاہ رخ خان کے بیٹے نے اس الزام کو مسترد کر دیا تھا۔تاہم تفتیش کے دوران آریان خان نے منشیات کے استعمال کا اعتراف کر لیا تھا۔