پشاور (جنرل رپورٹر) یونائیٹڈ پی ڈی اے ورکرز یونین نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور پلاٹ الاٹمنٹ میں تاخیری حربوں سمیت دیگر مطالبات کیلئے حیات آباد پی ڈی اے آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین کی قیادت یونین کے صدر ضیاء الحق، جنرل سیکرٹری ابوذر خان، چیئرمین قمر وہاب، سیکرٹری اطلاعات ایم جی نیازی نے کی جبکہ پی ڈی اے آفسیر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالغفور نے بھی احتجاج میں شرکت کی ۔مظاہرین نے کہا کہ پی ڈی اے کے اٹھارہ سو تک ملازمین سروس سٹرکچر سے جبکہ تین سو تک ملازمین ریگولرائزیشن سے محروم ہیں جبکہ ابھی انہیں پلاٹس الاٹمنٹ کے لئے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے انہوں نے کہا کہ ان کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے اقدامات کئے جائیں مظاہرین نے کہا کہ اس سلسلے میں پی ڈی اے ملازمین نے پہلے بھی احتجاج کیا تاہم ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جا رہے ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر ان کے مطالبات تسلیم کیے جائیں ورنہ احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔