بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں رات گئے آنے والے زلزلے کے باعث بجلی کی بندش کی وجہ سے طبی عملے کو مشکلات کا سامنا ہے۔بجلی کی بندش کے باعث طبی عملے کی جانب سے موبائل فونز کی روشنی میں زلزلے کے زخمیوں کا علاج کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی سہیل انور ہاشمی کا کہنا ہے کہ کیسکو سے بجلی کی فراہمی کے لیے رابطے میں ہیں۔زلزلے کے باعث ضلع ہرنائی میں آج تعلیمی ادارے بند ہیں، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو متاثرہ گھروں میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیرِ داخلہ بلوچستان ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ الرٹ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ہلالِ احمر بلوچستان کی ٹیم بھی زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے موجود ہے۔ہرنائی میں پاک فوج کے ڈاکٹر، طبی عملہ اور دیگر جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔