منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے ساتھ اس پراسرار شخص کے نام سے متعلق پوجا بھٹ کی وضاحت سامنے آگئی۔ پوجا بھٹ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ میں نے اس شخص کا نام نہیں لیا اگر آپ اپنی آنکھوں کا استعمال کریں اور ٹوئٹ کو دوبارہ پڑھیں۔ واضح رہے کہ اس شخص کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ یہ این سی بی کا ملازم ہے، تاہم اس پر این سی بی نے کہا تھا کہ یہ شخص ادارے کا ملازم نہیں ہے۔ اس پر پوجا بھٹ نے سوال کیا ہے کہ آخر اس نجی جاسوس کا این سی بی کے چھاپے میں کیا کام ہے؟ ان کے اس تبصرے پر ایک صارف نے پوجا کو ہی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ فلم ساز نے اس شخص کی جان خطرے میں ڈال دی ہے۔ اس کی وضاحت دیتے ہوئے اب پوجا بھٹ کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے پیغام میں کسی کا نام نہیں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اس پراسرار شخص کو یہ نصیحت ہے کہ وہ اس طرح کی شاندار سیلفی لے کر اور پھر اسے لیک کرنے سے باز رہے کیونکہ یہ وائرل ہوجاتی ہیں۔ پوجا بھٹ کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوابدید بہادری کا بہتر حصہ ہے۔