منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے اریان خان کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ انہیں اس کیس میں 20 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان کو نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کی 4 دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور ان دفعات میں آریان خان کو تقریبا 20 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے سیکشن 8 سی، 20 بی، 27 اور 35 کے تحت گرفتار کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اگر آریان خان پر لگائے جانے والے تمام الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں 20 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔این ڈی پی ایس کا سیکشن 20 بی منشیات رکھنے کا کیس ہے اور اگر اس کیس میں آریان خان پر عائد تمام الزامات درست ثابت ہوئے تو انہیں 20 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔دوسری جانب این ڈی پی ایس کا سیکشن 8 سی منشیات فروخت اور خریدنے کا کیس ہے، اگر شاہ رخ خان کے بیٹے پر یہ الزام درست ثابت ہوا تو انہیں تقریبا 6 ماہ سے 10 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں ماہ 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پر چھاپہ مارا تھا جہاں پارٹی چل رہی تھی اور اس پارٹی میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے مارے گئے چھاپے میں غیر قانونی منشیات برآمد ہوئی تھی اور اسی وقت آریان خان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔آریان خان کو 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کیا تھا، بعدازاں آریان خان کا 3 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔