نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف پہلے میچ کی پریشانی نہیں، ہم نے ٹورنامنٹ کی اچھی تیاری کی ہے اور پہلے میچ میں پاکستان کا مقابلہ کریں گے۔گیری اسٹیڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو ہوا وہ افسوسناک ہے، اسے تبدیل نہیں کرسکتے، پاکستان اور ہمارے پلیئرز نے بھی کھیلنے کا موقع مس کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا گروپ ٹف ہے، ہماری نظر ایک وقت میں ایک میچ پر ہے، چھ سے سات ٹیمیں ورلڈ کپ جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہوگا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 31 اکتوبر کو افغانستان کے مدمقابل ہوں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔