آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹرز جمعہ کو خصوصی ببل میں منتقل ہوجائیں گے، ٹیم میں تبدیلی ہوگی یا نہیں، جمعرات کو فیصلے ہوسکتے ہیں، ببل میں اضافی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑی 7 اکتوبر تک قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے میچز میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ 8 اکتوبر کو ورلڈکپ اسکواڈ کے لیے بنائے گئے علیحدہ ببل میں منتقل ہوجائیں گے اور پھر وہیں سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات چلے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ اسکواڈ میں کسی ممکنہ تبدیلی پر جمعرات کو محمد وسیم لاہور میں اہم ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر ثقلین مشتاق سے ملاقات کریں گے، ثقلین ممکنہ طور پر پاکستانی دستے کے ہیڈ ہوں گے تاہم اس بات کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔ذرائع کے مطابق ایک یا دو تبدیلی کو اب بھی رد نہیں کیا جاسکتا جبکہ ورلڈ کپ ببل میں اضافی ممبران کو شامل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔