چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے سابق کرکٹر اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ہیڈ کوچ باسط علی کی جانب سے ریمبو کہنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کا مشورہ دے دیا۔چیئرمین پی سی بی چند روز قبل چھ صوبائی ٹیموں کے ہیڈ کوچز کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کر رہے تھے، میٹنگ میں کچھ کوچز پی سی بی چیئرمین کے سابق ساتھی تھے۔ رپورٹ کے مطابق باسط علی نے رمیز راجہ کو ریمبو کہہ کر مخاطب کیا جو انہیں کچھ پسند نہ آیا۔ خیال رہے کہ ریمبو رمیز راجہ کا نِک نیم ہے۔رمیز راجہ نے ریمبو سے مخاطب کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سندھ کے ہیڈ کوچ کو خبردار کیا کہ وہ آئندہ محتاط رہیں کہ چیئرمین پی سی بی سے کیسے بات کرنی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ رمیز راجہ نے ایک اور کوچ شاہد اسلم کو ان کے دوستانہ رویے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں کہا کہ وہ اپنے کام پر توجہ دیں۔